عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے گزشتہ شب ضلع راجوری کی مشہور و معروف درگاہ، زیارت بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلع بھر کے ممتاز علماء کرام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ زیارت کے احاطے میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ درگاہ کے اندرونی حصے میں کشمیر کی روایتی طرز پر لکڑی کا جدید و خوبصورت کام کیا جائے گا، جو نہ صرف ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرے گا بلکہ زیارت کی روحانیت میں بھی اضافہ کرے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ زیارت کے ساتھ موجود بابا غلام شاہ بادشاہ کی تاریخی مسجد کی تزئین و آرائش جدید طرز پر کی جائے گی۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ مسجد کا ایک حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی حصے کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ڈاکٹر اندرابی نے جامع مسجد سے ملحقہ گورنمنٹ مڈل اسکول شاہدرہ شریف کی عمارت کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی نئی عمارت وہ اپنی ذاتی خرچ سے تعمیر کرائیں گی تاکہ موجودہ جگہ کو زائرین کی سہولیات کے لئے استعمال کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہدرہ شریف جیسے روحانی و مذہبی مرکز پر زائرین کے لئے تمام بنیادی و عصری سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے زیارت شریف کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ محبت، خلوص اور لگن کے ساتھ درگاہ کی تعمیر و ترقی کیلئے مسلسل کوشاں رہیں تاکہ اس مقدس مقام کو ایک مثالی روحانی مرکز بنایا جا سکے۔اس موقع پر موجود علمائے کرام نے ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاہدرہ شریف کی تعمیری ترقی میں غیر معمولی دلچسپی اور عملی اقدام سے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ علمائے کرام نے اس روحانی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے ان کی مستقل توجہ اور جذبہ خدمت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔