سرینگر//ڈاکٹر غلام نبی ایتو نے ڈائریکٹر سکو ل ایجوکیشن کشمیر عہدے کا چارج سنبھالا۔چارج سنبھالنے کے فوراً بعد ڈائریکٹر ایتو نے محکمہ کے آفیسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران محکمہ میںانتظامی،تدریسی اورمالی معاملات پر ہورہی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوںنے تمام متعلقین سے تعاﺅن اوران کی شمولیت طلب کی۔ڈائریکٹر نے خاص طور سے وادی میں تعلیمی نظام کو معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے اساتذہ برادری اور سول سوسائٹی سے ان کا اشتراک طلب کیا۔انہوںنے کہا کہ اساتذہ برادری نے رضاکارانہ طور ٹیوشن کلاسز لینے اوردیگر اختراعی سرگرمیوں سے تعلیمی شعبے میں نئی روح پھونک دی ہے۔انہوںنے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس مشن کو تندہی اور لگن کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ ہمارے تعلیمی اداروں سے ذہین اورہونہار طلاب نکل سکے۔ڈاکٹر ایتو نے محکمے میں نظم وضبط ،شفافیت اور جوابدہی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو غیر ضروری طور پر مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑنا چاہیے۔سوشالوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر ایتو ڈائریکٹر اسٹیٹس کے عہدے پر فائز تھے ۔انہوںنے ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس اورمحکمہ جنگلات میں سپیشل سیکریٹری کے عہدوں سمیت کلیدی نوعیت کے کئی دیگر اہم عہدوں پر بھی اپنے فرائض انجام دئے ہیں۔