اشتیاق ملک
ڈوڈہ //اودھم پور ڈوڈہ کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر جتیندرا سنگھ کی مسلسل تیسری بار جیت درج کرنے پر بی جے پی کارکنوں نے ضلع صدر مقام ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں جشن منایا اور جموں، اودھمپور حلقوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں این ڈی اے اتحاد کو اکثریت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ سابق رکن اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار کی قیادت میں بی جے پی کارکنوں نے کہا کہ نریندرا مودی مسلسل تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بننے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں برسر اقتدار آرہی سرکار ترقی، خوشحالی کے لئے مزید کام کرے گی۔ انہوں نے اودھم پور ڈوڈہ کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر جتیندرا سنگھ و کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جتندرا سنگھ پارلیمنٹ میں اس خطہ کی نمائندگی کریں گے۔اس دوران سابق وزیر شکتی پریہار، ضلع ترقیاتی کونسل کی نائب چیئرپرسن سنگیتہ بھگت ،سی ای او اوقاف جاوید اقبال زرگر، منیر احمد شیخ، مہندر سنگھ سرمال نے بھی ڈاکٹر جتندرا سنگھ کی مسلسل تیسری بار جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے. اس دوران انہوں نے مودی کی قیادت میں تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بننے پر بھی پارٹی کی مرکزی قیادت کو مبارکباد دی۔