کٹرہ//وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آج سپریچول گروتھ سینٹر میں ضلع ریڈ کراس سوسائٹی ریاسی کو ایک ایمبولنس اور نعش وین فراہم کی ۔ اُنہوں نے اِن گاڑیوں کی چابیاں ڈپٹی کمشنر ریاسی اندو کنول کو این ایچ پی سی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں فراہم کی ۔ اِس موقعہ پر سلال پاور سٹیشن کے چیف جنرل منیجر ہمانشو شیکھر بھی موجود تھے۔یہ گاڑیاں این ایچ پی سی کی طرف سے عطیہ کے طور پر فراہم کی گئیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اِن گاڑیوں سے ضلع کے دُور دراز کے علاقہ جات کے عوام کو فائدہ ہوگا۔اُنہوں نے سینٹر میں ایک پودا لگا کر شجرکاری کی مہم میں حصہ لیا۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ کٹھوعہ اور اُدھمپور میں دو ہائی وے وِلیج قائم کئے جائیں گے جن میں سیاحوں کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہاکہ کٹرہ قصبے کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے خصوصی بجٹ مختص رکھا گیا ہے۔اُنہوں نے این ایچ پی سی کو سلال پاور پروجیکٹ پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع کے لئے کافی اہم ثابت ہوا ہے اور اس کی بدولت کئی مقامی افراد کوروزگار فراہم ہوا ہے۔ اُنہوں نے تعلیمی شعبے میں اپنی خدمات کے لئے بھی این ایچ پی سی کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی سرکار کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کو مفت سیٹ ٹاپ بکس فراہم کئے گئے ہیں جبکہ رابطہ سہولیات کی بہتری کے لئے نئے موبائیل ٹاور نصب کئے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے 15,000نئے بینکروں کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی۔چندریاں ۔2کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنہوںنے کہا کہ بھارت چاند کی سطح پر پانی کی کھوج میں کامیاب ہوا ہے ۔اُنہوں نے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے کئے گئے کئی اہم اختراعی اقدامات کی بھی سراہنا کی۔