پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے وادی کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ڈاکٹروں کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹروں کے اوقات کار کو صبح 9بجے سے شام 5 بجے تک کردیا گیاہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری سیدعابد رشید کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میںکہاگیا ہے کہ ہسپتالوں میں طبی نگہداشت کو بہتر بنانے کیلئے پچھلے تمام حکم ناموں کو رد کرتے ہوئے تمام میڈیکل کالجوں اور ڈینٹل کالجوں میں ڈاکٹروں کے اوقات کار 9 صبح بجے سے شام5بجے تک ہونگے۔ حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر وں کوصبح 9بجے ہسپتال پہنچنا ہوگا جبکہ5بجے تک کسی بھی صورت میں ہسپتال میں حاضر رہنا پڑے گا۔ حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کیلئے1بجکر 30منٹ سے 2بجکر 30منٹ تک کھانا کھانے کیلئے وقفہ ہوگا۔ حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ سنیچر کو ڈاکٹروں کے اوقات کار صبح 9بجے سے دوپہر 1بجکر 30منٹ تک ہونگے۔