سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے ڈاکٹر سہیل نائک کی صدارت میں کام کرنے والے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیرکو غیر منظور شدہ قرار دیتے ہوئے سرکاری تعطیل کے دوران ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری تعطیل کے دوران ڈیوٹیوں سے غیر حاضر نہ رہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے ایسوسی ایشن کے زعماء کے نام جاری کی گئی نوٹس میں ایسوسی ایشن سے وابستہ چار ممبران کوآگاہ کیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں کو چھٹی پر جانے کیلئے مجبور کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔ سرکاری تعطیلات کے دوران کام کرنے کیلئے اضافی معاوضہ نہ ملنے پرسرکاری تعطیلات کے دوران چھٹی کرنے اور دیگر ڈاکٹروں کو چھٹی کرنے پر مجبور کرنے کیلئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے ڈاکٹر سہیل نائک کے زیر صدارت کام کرنے والی ایسوسی ایشن کشمیر کے زعما کے نام ایک نوٹس زیر نمبر Est-3/1-133/3144-53 بتاریخ 13/06/2018میںچار ڈاکٹروں ڈاکٹر اویس حمید ڈار( ایس ڈی ایچ ڈورو)، ڈاکٹر میر مشتاق (ایس ڈی ایچ پلوامہ)، ڈاکٹر سہیل نائک (ایس ڈی ایچ سوپور) اور ڈاکٹرمسعود رشید (غوثیہ اسپتال سرینگر )کے نام جاری کی ہے۔ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس میں ڈاکٹر سہیل نائک کی قیادت والی ایسوسی ایشن کو غیر تسلیم شدہ قرار دیا گیا ہے اورایسوسی ایشن کے زعما کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران ڈاکٹروں کو چھٹی کرنے پر مجبور نہ کریں کیونکہ ڈاکٹروں کی چھٹی سے غریب مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے کہا کہ ڈاکٹروں کی مانگوں پر نظر ثانی کرنے کیلئے ریاستی سرکار نے اپنے ایک حکمنامہ زیر نمبر340/HME/2018بتاریخ 01/05/201`8کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈاکٹروں کی مانگوں کا جائزہ لے رہی ہے۔نوٹس میں مذکورہ ڈاکٹروں سے مخاطب ہوکر کہا گیا ہے کہ آپکی حرکتیں سپریم کورٹ کی ہدایت زیر نمبر W.P 253 of 2012کے تحت سخت کاروائی کا مستحق بنتے ہیں۔