سوپور//شمالی قصبہ سوپور میں علاقہ زینہ گیر کے ڈانگر پورہ سے ہردشیوہ تک رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک زینہ گیر کے کئی دیہات کو جوڑتی ہے تاہم آج تک حکام نے اس سڑک کو نظر انداز کیا ، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی اور ٹرانسپورٹروں کو کافی مشکلات درپیش ہیں۔ ہردشیوہ کے ایک باشندے طارق احمد ڈار نے ا سس سلسلے میں بتایا کہ رابطہ سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معمولی بارشوں سے یہ سڑک بیشتر جگہوں پر جھیل کا منظر پیش کرتی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں، مسافروں اور خاصکر زمینداروں کواپنے باغات تک پہنچنے میں بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ آراینڈ بی محکمہ کو اس سڑک کی مرمت کرنے کیلئے اپیل کی لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ چھ سال قبل اس سڑک کی کشادگی اور مرمت پر کام شروع کیا گیاتھا مگر بعد میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر اسے ادھورا چھوڑ دیا گیا۔مقامی لوگوںنے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس رابط سڑک کو آمدو رفت کے قابل بنایا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو مشکلات سے نجات ملے۔