محمد تسکین
بانہال // زون کھڑی میں سائنس اور ریاضی کے مضامین پر اپر پرائمری کلاسز کے لیے زونل سطح کا کوئز مقابلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس تقریب کا اہتمام ڈی آئی ای ٹی بانہال، رامبن نے زونل ایجوکیشن دفتر کھڑی کے اشتراک سے کیا۔مقابلے میں زون کی آٹھ کلسٹروں نے جوش و خروش سے شرکت کی اور اپنے علمی و فکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مراحل کے بعد کلسٹر منگت نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کلسٹر سیرن دوسرے نمبر پر رہا۔ تیسرے نمبر کے لیے کلسٹر اہمہ اور کلسٹربزلہ کے درمیان برابر کا مقابلہ ہوا، جس کے بعد فیصلہ کن مرحلہ رکھا گیا۔ ٹائی بریکر راؤنڈ میں کلسٹر بزلہ نے کامیابی حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔یہ مقابلہ طلبہ کے علمی معیار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم ورک اور صحت مند مقابلے کی روح کو بھی فروغ دینے کا ذریعہ بنا۔تقریب کی صدارت پرنسپل ڈی آئی ای ٹی بانہال، گھنشام نے کی، جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر رامبن مختیار منہاس مہمان خصوصی کے طور موجود تھے۔ زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال جمشید خان اور زونل ایجوکیشن آفیسر کھڑی عبدالرشید گیری بطور مہمانِ ذی وقار کے موجود تھے۔مقابلے میں کامیاب طلبہ کو پرنسپل ڈی آئی ای ٹی بانہال کی جانب سے توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مزید محنت کریں اور تعلیمی معیار کو بلند کریں۔ اس تقریب کے کوآرڈی نیٹر اور کوئز ماسٹر ڈائٹ لیکچرر ملک اطہر تھے۔