محمد تسکین
بانہال // ڈسٹرکٹ انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ بانہال رام بن نے راشٹریہ بال ویگھانی 25کے تحت ” Millets for Health and Sustainable Planet” اور “سائنس اینڈ ٹکنالوجی برائے پائیدار مستقبل” کے موضوع پر ایک روزہ ضلعی سطح کے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع رام بن کے زونل مقابلوں میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے مختلف سکولوں کے چالیس بچوں اور سکولوں کے نمائندہ ذمہ داران نے شرکت کی اور بچوں نے مختلف موضوعات کی عکاسی اور سدباب کیلئے تیار کئے گئے اپنے سائنسی ماڈل جیوری کے سامنے پیش کئے ۔ جیوری میں ماہر تعلیم خواجہ جاوید احمد وانی اور ارشاد احمد خان بھی شامل تھے۔ پرنسپل ڈائٹ بانہال گھنشیام شرما نے اس سمینار کا رسم افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر پروفیسر بہار احمد میر، غلام محمد بوہرو عرفان جان لیکچرر اور تعظیم احمد وانی بھی موجود تھے۔تقریب میں ضلع بھر سے شامل شرکاء طالبان علم پرجوش تھے اور محنت سے تیار کئے گئے سائنسی ماڈل نمائش کیلئے پیش کئے جبکہ جوار باجرا جیسے اناج کے استعمال ، فائدے اور کاشتکاری کے حوالے سے بات کی گئی ۔ اس سمینار میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور شرکاء بچوں اور اساتذہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا اور زونل اور ضلع سطحی مقابلوں میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے کامیاب بچوں کو قومی ، ریاستی اور ڈویژنل لیول کے مقابلوں میں بھیجا جا رہاہے۔