عظمیٰ نیوزسروس
جموں//باغبانی کے ڈائریکٹر، جموں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور باغبانی کے ترقیاتی افسران کے ہمراہ ستواری اور آر ایس پورہ کا ایک وسیع فیلڈ دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد باغبانی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور ڈریگن فروٹ اور سٹرابیری کی کاشت کو فروغ دینا تھا، جو کہ خطے میں مقبولیت حاصل کرنے والی ایک ابھرتی ہوئی اعلیٰ قیمت والی فصل ہے۔دورے کے دوران، ڈائریکٹر نے مقامی باغبانوں سے بات چیت کی اور باغبانی کے لیے جاری مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ رائے پور ستواری میں، ڈائریکٹر نے غلام رسول سے ملاقات کی، جو ایک ترقی پسند باغبان ہیں، جو اپنے اختراعی کاشتکاری کے طریقوں اور پھلوں کی کاشت میں تنوع کے لیے مشہور ہیں۔ ڈائریکٹر نے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دیگر کسانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پیداواری اور منافع میں اضافہ کرنے کے لیے اسی طرح کے ترقی پسند طریقے اپنائے۔جدید اور پائیدار باغبانی کی ترقی کے تئیں محکمہ کی وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے، ڈائریکٹر نے غیر روایتی پھلوں کی فصلوں جیسے ڈریگن فروٹ اور سٹرابیری کے فروغ پر زور دیا جو کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور جموں ڈویژن کی باغبانی کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے نمایاں صلاحیت رکھتی ہیں۔