سرینگر //شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ نے مریضوں اور تیمارداروں کیلئے سہولیات بہم رکھنے کی ایک اور کوشش کے تحت جمعرات کو ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے 42 کمروں مشتمل’ سرائے‘ کا افتتاح کیاجس میں غریب مریضوں کو رہنے کیلئے سستے داموں پر کمرے فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے حکومت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے غریب مریضوں کو رہنے کیلئے سہولیات کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سرائے 42 کمروں پر مشتمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کیلئے یہ ایک راحت ہوگی کیونکہ مریضوں کو سرینگر میں رہنے کیلئے جگہ کا انتظام کافی دشوار بن جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سرائے میں مریضوں کو فی دن 100روپے دینے ہونگے اور وہ 10سے 15دنوں تک قیام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ جگہ کا صحیح استعمال اور اسکی صفائی کا خاص خیال رکھے تاکہ مریض سرائے میں اطمینان کی سانس لیں سکیں۔ ڈائریکٹر سکمز نے سول سو سائٹی اور معروف تاجر وں سے گزارش کی ہے کہ وہ غریب مریضوں کی امداد کیلئے سامنے آکر عطیا ت دیں۔ اس موقعے پر سینئر افسران کے علاوہ اسپتال کی انجینئرنگ ونگ ، اسپتال انتظامیہ اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ افسران موجود رہے۔