عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈائریکٹر زراعت جموں انیل گپتا نے کرشی بھون، طلب ٹلا، جموں میں انشورنس کمپنیوں کے ریاستی سربراہان کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد حالیہ موسلا دھار بارشوں اور زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈ) کے نتیجے میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصان اور اس کے ازالے کے لئے پرادھان منتری فصل بیمہ یوجنا (PMFBY) کے تحت بروقت اقدامات پر غور و خوض تھا۔اجلاس میں بجاج الائنس جنرل انشورنس کے ریاستی سربراہ سونو کشیپ، ریلائنس جنرل انشورنس کے ریاستی سربراہ مہاویر سنگھ، محکمہ زراعت کے نوڈل آفیسر پی ایم ایف بی وائی انیرودھ بھٹ، انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان، محکمہ کے افسران اور عملہ شریک ہوا۔اجلاس میں فصلوں کے نقصانات کی اطلاع دینے اور اس کے اندراج کے عمل پر تفصیلی بحث ہوئی۔ ڈائریکٹر زراعت نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ متحرک کریں تاکہ وہ اپنی فصلوں کے نقصان کی اطلاع فوری طور پر ٹول فری نمبر14447یا واٹس ایپ نمبر 7065514447 پر درج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے متاثرہ کسانوں کو بروقت معاوضہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ڈائریکٹر زراعت نے انشورنس کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اہلکاروں کو متاثرہ کھیتوں میں تعینات کریں اور پنچایت سطح پر زراعتی افسران کے ساتھ قریبی اشتراک عمل میں لائیں تاکہ فصل کے نقصان کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جا سکے اور زمینی سطح پر نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ’’حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈز نے کئی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ میں کسان بھائیوں کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ محکمہ زراعت اس مشکل وقت میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ میری کسانوں سے مخلصانہ گزارش ہے کہ وہ اپنی فصلوں کے نقصانات کو فوری طور پر ٹول فری نمبر کے ذریعے درج کرائیں تاکہ فصل بیمہ اسکیم کے تحت بروقت معاوضہ اور فوائد انہیں مل سکیں۔ آپ کا تعاون اس عمل کو تیز تر بنانے میں ہماری مدد کرے گا اور آپ کی روزی روٹی کے تحفظ کو یقینی بنائے گا‘‘۔انشورنس کمپنیوں کے نمائندگان نے اس موقع پر کسانوں اور محکمہ زراعت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ تمام دعوؤں کی جلد از جلد پروسیسنگ کو یقینی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو بروقت ریلیف اور مالی تحفظ مل سکے۔