یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ چین ہندوستان کے 4000مربع کلومیٹر علاقے میں داخل ہو گیا ہے لیکن ہمارے سفیر کو چینی رہنمائوں کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ گاندھی نے لوک سبھا میں وقفہ سوال کے دوران اس معاملے پر حکومت سے سوال کیا کہ چین کے زیر قبضہ زمین کو واپس لینے کیلئے وہ کیا کر رہی ہے؟گاندھی نے کہا’’میں بہت حیران ہوں کہ چین ہماری زمین پر قبضہ کئے بیٹھا ہے اور ہمارے خارجہ سکریٹری کو کچھ دیر پہلے چینی سفیر کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے دیکھا گیا۔ ہمارے فوجی شہید ہوئے تھے، ان کی شہادت پر کیک کاٹ کر جشن منایا جا رہا ہے۔ ہم معمول کے خلاف نہیں ہیں، لیکن حالات معمول پر آنے سے پہلے ہمیں اپنی زمین واپس ملنی چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا’’ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایک بار کہا تھا کہ وہ خارجہ پالیسی کے معاملے میں نہ تو بائیں طرف جھکیں گی اور نہ دائیں طرف، وہ ہندوستانی ہیں، وہ سیدھی رہیں گی‘‘۔ انہوں نے کہا’’ہم سب تاریخ جانتے ہیں، جب بی جے پی اور آر ایس ایس سے ایسے ہی سوال پوچھے جائیں گے، تو وہ سامنے والے کے سامنے سر جھکا لیں گے‘‘۔ گاندھی نے کہا’’ہمارے اتحادی(امریکہ)نے اچانک ہم پر 26 فیصد درآمدی ڈیوٹی لگا دی ہے۔ اس کا ہماری معیشت پر سنگین اثر پڑے گا۔ ہمارے آٹو اور زراعت کے شعبے پر بہت برا اثر پڑے گا‘‘۔