چکمگلور//کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ڈوکلام میں چین ہماری سرحدوں پر ہیلی پیڈس اور ایرپورٹس کی تعمیر کررہا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی خاموش ہیں۔ راہل گاندھی نے کرناٹک کی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر چکمگلور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یہاں آتے ہیں اور کرپشن کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھنے والے لیڈر وں کو رشوت خوری کے الزامات پر جیل کی سزا ہوئی تھی۔ ان لیڈروں میں بی جے پی کے وزیراعلی کے امیدوار بھی شامل ہیں۔ راہل گاندھی نے چکمگلور کے عوام سے کہا کہ آپ لوگوں نے 1978میں چکمگلور میں میری دادای اندراگاندھی کی حمایت کی تھی جب انہو ں نے اس حلقہ سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ اس وقت انہیں آپ کی ضرورت تھی۔ میں آپ کی اس حمایت کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ جب کبھی آپ کو ضرورت ہوگی میں آپ کے ساتھ رہوں گا۔ قبل ازیں راہل گاندھی نے یہاں پر سرنگیری مٹھ کا دورہ کیا اور مٹھ کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس مٹھ میں بچوں کو مذہب کے بارے میں سکھایا جاتا ہے ۔ ایک 14سالہ لڑکے نے مجھ سے کہا کہ مذہب کا مطلب سچ ہے ۔ ستیہ مئے وجیتی ۔انہوں نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے وزیراعظم سے کہیں بڑھ کر مذہب کے بارے میں جانتے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے دورہ کے موقع پر کرناٹک میں مئی میں ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس اور بی جے پی کو قومی لیڈروں کے دورے شروع ہوچکے ہیں۔ کانگریس کرناٹک میں اقتدار کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ۔یو این آئی۔