بیجنگ//چین کی پارلیمنٹ نے ہانگ کانگ کے انتخابی نظام میں تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا ہے جس میں امیدواروں کو ویٹو دینے کے اختیارات بھی شامل ہیں تاہم یہ یقینی بنایا جائے گا محب وطن ہی کے ہاتھ میں ہانک کانگ کی حکومت ہوگی۔ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس نے ہانگ کانگ کے انتخابی نظام کو تبدیل کرنے ، شہر کے اداروں میں جمہوریت کو لانے اور سیاست دانوں کی چین سے وفاداری پر نگاہ رکھنے کے لئے ایک طریقہ کار متعارف کروانے کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔چین کی پارلیمنٹ کے ترجمان وانگ چن کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد شہر پر حکمرانی کی طاقت کو ایسی قوتوں کے ہاتھوں میں دینا ہے جو محب وطن ہیں اور ہانگ کانگ سے پیار کرتی ہیں۔چین نے ہانگ کانگ کے انتخابی نظام میں تبدیلیوں کی منظوری پر امریکہ کی جانب سے ‘‘ہانگ کانگ کی آزادی اور جمہوریت پر تنقید کی مذمت کی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد اقتدار کو مضبوط محب وطن قوتوں کے ہاتھوں میں دینا ہے۔ واضح رہے کہ چین کی جانب سے یہ فیصلہ 2019 میں ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامی مظاہرین کے ردعمل میں سامنے آیا ہے جسے چین کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ سمجھا گیا تھا۔ تب سے اب تک زیادہ تر سیاستدانوں اور کارکنوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے یا وہ خود ساختہ جلاوطنی میں ہیں۔