واشنگٹن// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو ایک بار پھر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے میزائل تجربہ کر کے چین اور اس کے صدر کی توہین کی ہے۔خیال رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا جو کہ لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس میزائل تجربے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا: ’شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کر کے جو ویسے تو ناکام رہا مگر چین اور اس کے صدر کی خواہشات کی توہین کی۔‘حال ہی میں صدر ٹرمپ نے چینی صدر سے ملاقات کی اور شمالی کوریا کے حوالے سے ان کی ’سخت کوششوں‘ کو سراہا تھا۔اس سے قبل خبررساں ادارے ہونہاپ نے جنوبی کوریا کی عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا جبکہ خبررساں ادارے روئٹرز نے امریکی حکومت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ تجربہ ناکام رہا ہے۔جنوبی کوریا کے ملٹری چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ یہ میزائل دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمال میں واقع صوبہ جنوبی پیان گین سے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی علی الصبح فائر کیا گیا۔