نئی دہلی//ہندوستان سے چین کو غیر باسمتی چاول کی برآمد کے لئے پانچ اور چاول ملوں کو اجازت دے دی گئی ہے ۔ ان ملوں کو ملا کر اب کل 24 چاول ملوں کو چاول برآمدکرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ رواں برس ستمبر میں ناگپورسے چین کو 100 ٹن غیر باسمتی چاول برآمد کی پہلی کھیپ بھیجی گئی تھی۔ اس سال مئی میں چین کے افسران نے غیر باسمتی چاول کے برآمد کرنے میں اہل چاول ملوں کا معائنہ کیا تھااور چین کو برآمد کرنے کے لئے 19 چاول ملوں اور پروسیسنگ یونٹ کو رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے رواں برس چین کے دورے کے دوران چین کو چاول برآمد کرنے کے بارے میں چین کے جنرل کسٹمر انتظامیہ اور ہندوستان کے زرعی شعبہ کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ چاول چین میں پیدا ہوتا ہے ۔ وہ سالانہ 50 لاکھ ٹن چاول درآمدکرتا ہے ۔ ہندوستان چاول کے عالمی تجارت میں چوٹی پر برقرار ہے ۔ ہندوستان اگلے کچھ برسوں کے دوران چین کو دس لاکھ ٹن چاول برآمد کرسکتا ہے ۔ ہندوستان چین کو چاول اور چینی جیسی زرعی اشیا کو برآمد کرنے کا خواہش مند ہے تاکہ تجارتی خسارے میں کمی لائی جاسکے ۔یو این آئی