عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیجنگ// چین کے کچھ حصوں میں پیر کو طوفان کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔چین کی نیشنل آبزرویٹری نے پیر کو یہ اطلاع دی۔قومی موسمیاتی مرکز کی پیشین گوئی کے مطابق، پیر اور منگل کو دارالحکومت بیجنگ اور پڑوسی ہیبی اور تیانجن کے ساتھ ساتھ گوانگ ڈونگ، گوانگشی، یوننان، گوئژو، سچوان، ہوبی اور ہنان سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے ۔محکمہ کے مطابق کچھ علاقوں میں 24 گھنٹوں میں 280 ملی میٹر تک بارش ہو گی۔محکمہ موسمیات نے حکام کو ہنگامی ردعمل کے اقدامات کرنے اور قدرتی آفات جیسے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا۔مرکز نے پیر کی دوپہر سے منگل کی سہ پہر تک ملک کے کئی علاقوں میں شدید موسمی حالات کے لیے بلیو الرٹ بھی جاری کیا۔مرکز کے مطابق، اندرونی منگولیا، جلن، لیاوننگ، ہیبی، تیانجن، شانسی، شانسی، ننگزیا، گانسو، چونگ کنگ اور ہنان کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان اور ژالہ باری ہوگی۔ادھر جاپان کے 47 میں سے 38 صوبوں میں شدید گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے ) نے کہا کہ آج کچھ علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے ۔ مشرقی اور مغربی جاپان میں زیادہ تر دھوپ اور گرم موسم رہے گا۔