سرینگر//فوجی سربراہ جنرل منوج نروانے نے منگل کو کہا کہ لداخ اور شمالی علاقے میں چین کے ساتھ لگنے والی سرحد پر فوج ہائی الرٹ پر ہے۔
اپنی سالانہ پریس کانفرنس میں فوجی سربراہ نے کہا”ہم سرحد پر سردیوں کی تعیناتی کی حالت میں ہیں،دونوں بھارت اور چین کسی حل تک پہنچیں گے لیکن ہم کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں“۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس فوج کو چیلنجوں کا سامنا تھا اور اُس نے کامیابی حاصل کرلی۔
جنرل نروانے کے مطابق سب سے بڑا چیلنج کورونا تھا اور دوسرا چیلنج وہ صورتحال تھی جو شمالی سرحد پر پیدا ہوئی تھی۔
فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ فوج کے حوصلے بلند ہیں۔
جنرل نروانے کے مطابق حقیقی کنٹرول لائن پر حالات ویسے ہی ہیں جیسے گذشتہ سال تھے۔انہوں نے کہا”ہمیں حکومت سے ہدایات ملی ہیں کہ وہیں تعینات رہیں جہاں ٹکراﺅ کے وقت تھے“۔
یاد رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان گذشتہ نو ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے ۔اگر چہ دونوں کے مابین بات چیت کے کئی ادوار بھی ہوئے لیکن ابھی تک ان کا کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہوا ہے۔