نئی دہلی//چین اور کشمیر مسئلے پر حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کانگریس کے ایم پی پرمود تیواری نے سرحد پر جوانوں کی شہادت کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ مسٹر پرمود تیواری نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہاکہ "پاکستان جب چاہتا ہے ، جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا ہے اور دہشت گردوں کی دراندازی کرا رہا ہے ۔ ہر ہفتے ہمارے دو تین جوان شہید ہو رہے ہیں۔غلطی سرحد پر نہیں، دہلی میں ہے " ۔ انہوں نے کہا کہ اسے روکنے کے لئے مرکزی حکومت کو عزم پختہ کرنا ہوگا۔ حکومت کی پالیسیوں میں استحکام نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان اور چین دونوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔ کبھی وزیر اعظم نریندر مودی کابل سے دہلی آتے وقت راستے میں ہی لاہور چلے جاتے ہیں، تو کبھی چینی صدر کو جھولا-جھلانے لگتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی دنیا بھر میں خود کو مقبول لیڈر کے طور پر عام کرنے کے چکر میں ملک کی خارجہ پالیسی کو کمزور کر رہے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ہر آنے والے دن کے ساتھ چین سخت ہوتا جا رہا ہے ۔ کانگریس کے ہی پی ایل پنیا نے کہا کہ چین جو کچھ کر رہا ہے وہ دبا¶ ڈالنے کی سیاست ہے ۔ اس نے تبت میں فوجی مشق کر کے ہندوستان کو آنکھ دکھانے کی کوشش کی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی سی پی ٹھاکر نے پاکستان کے ساتھ سختی برتنے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ "فوج نے سرجیکل اسٹرائک تو کیا تھا۔ روز روز چڑھائی تو نہیں کر سکتے ۔یو این آئی۔