عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے منگل کی شام وزیرِاعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات پر گفتگو ہوئی۔ اس سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور ہندوستان کے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے درمیان چین-ہندوستان سرحدی تنازع پر 24ویں خصوصی نمائندہ سطح کی بات چیت ہوئی۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے سرحدی مسئلے اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی اور گہرائی سے بات چیت کی۔ وانگ یی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم مودی کے درمیان کازان میں ہونے والی ملاقات نے چین- ہندوستان تعلقات کو بہتر بنانے اور سرحدی مسئلے کو سنبھالنے کی راہ متعین کی۔ اب دونوں ممالک کے تعلقات ایک درست اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، اور سرحدی صورتحال مستحکم ہو رہی ہے۔وانگ یی کے مطابق، چین اور ہندوستان دو بڑے ہمسایہ اور ترقی پذیر ممالک ہیں، جو مشترکہ اقدار اور مفادات رکھتے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، این ایس اے اجیت ڈوبھال نے بھی اعتراف کیا کہ کازان میں ہوئی ملاقات ہندوستان- چین تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ہے، جس سے باہمی سمجھ میں بہتری آئی ہے اور سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم ہوا ہے۔ڈوبھال نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات میں، ہندوستان اور چین کو کئی مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس لیے باہمی اعتماد، تعاون اور افہام و تفہیم کو بڑھانا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم مودی چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تیانجن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پْرجوش ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی رفتار ملے گی۔