نئی دہلی//ہندوستان کی حکومت ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دبئی میں ہوئی میٹنگ سے بے شک ناراض ہو لیکن دونوں بورڈز کے افسر انگلینڈ میں چمپئنز ٹرافی کے دوران پھر ملاقات کر سکتے ہیں۔بی سی سی آئی اور پی سی بی کی پیر کو دبئی میں ملاقات ہوئی تھی جسے لے کر مرکزی وزیر کھیل وجے گوئل نے خاصی ناراضگی ظاہر کی ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر بی سی سی آئی نے دو طرفہ سیریز کے حوالے سے پی سی بی کے ساتھ ملاقات کس طرح کر لی۔اگرچہ دبئی کی میٹنگ میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا لیکن سمجھا جاتا ہے کہ دونوں بورڈ انگلینڈ میں چمپئنز ٹرافی کے دوران غیر رسمی طور پر ملاقات کر سکتے ہیں۔کرک انفو کے مطابق اگر ان ملاقاتوں سے کوئی حل نہیں نکلتا ہے تو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تنازعات کے حل کے عمل کے تحت آئی سی سی کے سی ای او کی موجودگی میں ایک رسمی میٹنگ ہو سکتی ہے ۔دونوں بورڈز کے درمیان اگلی میٹنگ برمنگھم میں ہو سکتی ہے جہاں ہندستان اور پاکستان کو چمپئنز ٹرافی میں چار جون کو اپنا مقابلہ کھیلنا ہے ۔آئی سی سی کی اگلے راؤنڈ کی میٹنگ میں بھی دونوں کے درمیان اور بات چیت ہو سکتی ہے ۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز نہیں ہو رہی ہے لیکن کثیر القومی ٹورنامنٹوں میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔یو این آئی