دبئی؍ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کیلیے امپائرز اورمیچ ریفریز کا اعلان کردیا گیا جس میں علیم ڈار پانچویں مرتبہ ذمہ داری انجام دیں گے۔آئی سی سی نے یکم سے 18جون تک کارڈف ویلز اسٹیڈیم، ایجبسٹن اور اوول میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میچز کیلیے آفیشلز کا اعلان کردیا ہے، الیٹ پینل میں شامل کرس براڈ، ڈیوڈ بون اور اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری کی ذمہ داری انجام دیں گے،امپائرنگ ڈیوٹی الیٹ پینل آف امپائرزکے 12 آفیشلز آپس میں بانٹیں گے، ان میں علیم ڈار، کمار دھرما سینا، ماریس ایراسمس، کرس گفینی، ای ین گولڈ، رچرڈ ایلنگورتھ، رچرڈ کیٹل برو، نائجل لونگ، بروس آکسنفورڈ، سندا رام روی، پال رائفل اور روڈ ٹکر شامل ہیں۔2009سے 2011 تک آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے علیم ڈار پانچویں مرتبہ چیمپئنز ٹرافی میں خدمات انجام دیں گے، گولڈ کا یہ تیسرا ٹورنامنٹ ہے جبکہ دھرما سینا، ایراسمس، کیٹل برو، لونگ، آکسنفورڈ اور ٹکرکو دوسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا تجربہ حاصل ہوگا، گفینی، ایلنگورتھ، روی اور رائفل اس ایونٹ میں پہلی بار ذمہ داری انجام دیں گے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 27 مئی کو وارم اپ میچ میں کیٹل برو اور رائفل آن فیلڈ، دھرما سینا ریزرو اور براڈ میچ ریفری ہوں گے۔آسٹریلیا سے گرین شرٹس کے پریکٹس میچ میں فیلڈ آفیشلز کی ذمہ داری دھرماسینا اور ایلنگورتھ نبھائیں گے، رائفل ریزرو امپائر جبکہ براڈ ہی ریفری ہوں گے۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان سفر کا آغاز 4 جون کو روایتی حریف بھارت کیخلاف مقابلے سے کریگا، اسکے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے، آن فیلڈ ایراسمس اور دھرماسینا ڈیوٹی انجام دیں گے، تھرڈ امپائر رچرڈ کیٹل برو اور فورتھ آفیشل روڈ ٹکر ہوں گے۔ 7 جون کو پاک جنوبی افریقہ میچ کے ریفری براڈ جبکہ فیلڈ امپائرز ایلنگورتھ اور روی ہوں گے، تھرڈ اور فورتھ آفیشلز کی ذمہ داری بالترتیب کماردھرما سینا اور لونگ نبھائیں گے۔ 12 جون کو سری لنکا سے گرین شرٹس کے مقابلے میں بھی ریفری براڈ ہی ہونگے، کارڈف میں شیڈول اس میچ کے فیلڈ آفیشلز آکسنفورڈ اورایراسمس جبکہ گفینی تھرڈ اور گولڈ فورتھ امپائر ہوں گے۔علاوہ ازیں سیمی فائنلز اور فائنل کے آفیشلز کا اعلان ٹیموں کی تصدیق ہونے کے بعد کیا جائے گا۔