سرینگر//ایک اہم پیش رفت کے طور پر مشیر بصیر احمد خان کی مداخلت پر کشمیر کی تاجر برادری نے لگ بھگ ایک لاکھ سیفٹی ماسک ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے کو عطیہ کے طور پر پیش کئے تا کہ انہیں عام لوگوں میں تقسیم کیا جا سکے ۔ اس حوالے سے کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شیخ عاشق کی قیادت والے ایک وفد نے ڈویژنل کمشنر سے ملاقات کی اور یہ ماسک پیش کئے ۔ اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر نے تاجر برادری کی طرف سے اس وباء کے دوران کئے جا رہے انسانیت دوست اقدامات کی ستائش کی ۔ یہ ماسک کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے والے ورکروں کو عام لوگوں میں تقسیم کیا جا سکے گا تا کہ وہ وائیرس سے محفوظ رہ سکیں ۔ کے سی سی آئی وفد نے کئی دیگر معاملات سے بھی صوبائی کمشنر کو آگاہ کیا جن میں ملک کے مختلف علاقوں میں درماندہ کشمیریوں کو واپس لانے کا معاملہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے ملشاہی باغ کنال خراب ہونے کے بعد سرینگر کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت اور تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل کو بھی اجاگر کیا کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ انہیں حل کرنے میں اہم رول ادا کر سکتی ہے ۔ تاجر برادری نے اس موقعہ پر ایل جی کے مشیر بصیر خان کے رول کی بھی ستائش کی ۔