سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ایک وفد نے صدر جاوید احمد ٹینگہ کی سربراہی میں مرکزی ہوا بازی کے وزیر جینت سنہا سے ملاقات کی،جس کے دوران کشمیری عوام اور تاجروں کو ہوا باز کمپنیوں کی طرف سے سہولیات دینے کے حوالے سے کئی درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سرینگر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مقامی تاجروں اور کاروباریوں کو دکانیں اور آوٹ لیٹ فراہم کرنے اور تاجروں سے نا انصافی کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میںطلب کئے گئے ٹینڈراور شرائط اس قدر سخت عائدکئے گئے کہ مقامی تاجر اس میں شامل نہ ہو سکیں۔ بیان کے مطابق مرکزی وزیر نے موقعہ پر ہی احکامات صادر کرتے ہوئے ائر پورٹ اٹھارٹی آف انڈیا کے اعلیٰ افسر کو ہدایت دی کہ وہ فریقین(کے سی سی آئی اور دکانداروں) کے ساتھ جلد از جلد یہ مسئلہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کریں۔ بیان کے مطابق بین الاقوامی اور چارٹر طیاروں کے علاوہ بین الاقوامی کارگو پر وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی حکومت کے تعاون سے اس کو حقیقت بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس دورن متعلقہ وزیر کے ساتھ سیاحتی موسم کے دوران طیاروں کے کرایہ میں اضافہ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے وفد نے کہا کہ اس کی وجہ سے نہ صرف سیاحت،بلکہ طلاب اور غریب مریضوں کے سفر پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔