عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے کل مرکزی وزیرپیوش گوئل کے ساتھ ایس کے آئی سی سی میںمیٹنگ کی۔ صدر جاوید احمد ٹینگا کی سربراہی میں وفد نے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی جس میں کئی اہم معاشی چیلنجز کا خاکہ پیش کیا گیا۔ ان میں سرفہرست خطے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا مسئلہ تھا۔ چیمبر نے کشمیر کی برآمدی صلاحیت کے فوکس فروغ کے ذریعے فائدہ مند روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ مرکزی وزیر نے مثبت جواب دیا اور وفد کو یقین دلایا کہ کشمیری برآمد کنندگان کو دبئی میں بھارت مارٹ اور آئندہ یورپ بھر میں گودام کے مراکز میں انتہائی رعایتی نرخوں پر جگہ فراہم کی جائے گی۔ وزیر نے یقین دلایا کہ میمورنڈم میں اٹھائے گئے مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے جلد ہی ایک فالو اپ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔