سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے سیلاب سے متاثر ہوئے تاجروں اور دکانداروں کا معاملہ جموں کشمیر بنک چیئرمین کے ساتھ اٹھایا،جبکہ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انکا معاملہ متعلقہ حلقوں میں اٹھایا جائے گا،تاکہ متاثرہ تاجروں کی مدد کی جاسکے۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ کی قیادت میں وفد نے جموں کشمیر بنک چیئرمین پرویز احمد کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھایا ،جس کے دوران انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ معقول اور جائز کیسوں پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا،تاہم ان قرضہ نادہندگان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،جو جان بوجھ کر قرضوں کی ادائیگی میں لیت و لعل کر رہے ہیں۔بیان کے مطابق میٹنگ کے دوران دستکار فائنانس اسکیم پر بھی بات ہوئی،جبکہ چیمبر نے زور دیا کہ ا سکیم پر سر نو جائزہ لیا جائے اور اس میں حصول قرضوں کی حد میں اضافہ کیا جائے۔بیان کے مطابق چیئرمین بنک نے یقین دہانی کرائی کہ پست درجے کے دستکاروں کو راحت پہنچانے کیلئے اس اسکیم میں ضروری ترمیم بھی کی جائے گی۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے جموں کشمیر بنک کے چیئرمین کے ساتھ میٹنگ کے دوران وادی میں دم توڑتی سیاحتی صنعت کو بھی زیر غور لایا،جس کے دوران ان پر زور دیا گیا کہ بیرون ریاست جموں کشمیر کے300 شاخوں کو سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھی استعمال کیا جائے،اور ان میں سیاحوں پر خصوصی سہولیاتی مراکز قائم کیں جائے۔انہوں نے کہا کہ ان سہولیاتی مراکز کی وجہ سے ملک بھر میں جانکاری مہم شروع ہوگی،اور وادی کی طرف سیاح متوجہ ہونگے۔بیان کے مطابق بنک چیئرمین پرویز احمد نے یقین دہانی کرائی کہ ان تجاویز کو زیر گور لایا جائے گا۔