یو این آئی
نئی دہلی// وزارت خزانہ کی ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر چیلنجوں کے باوجود اندرونی بنیادی مضبوطی کی وجہ سے موجودہ مالی سال 2023-24 کے لیے ہندوستانی معیشت کے امکانات روشن ہیں۔وزارت کی جانب سے ماہ ستمبر 2023 کے لیے ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگے کے حالات خام تیل کی قیمتوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں حکومتی بانڈز کی سپلائی میں مسلسل اضافے اور وہاں کی محدود مانیٹری پالیسی کی وجہ سے مالیاتی مارکیٹ کے حالات محدود رہ سکتے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے “جیو پولیٹیکل حالات میں غیر یقینی صورتحال عالمی سطح پر (مارکیٹ میں) خطرے سے بچنے میں اضافہ کرتی ہے۔ اگر حالات خراب ہوتے ہیں اور لمبے عرصے تک ایسے ہی رہے تو ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مانگ میں سست روی سے ہندوستان کی بیرونی تجارت متاثر ہو رہی ہے، لیکن اس محاذ پر صورتحال رواں مالی سال کے دوسرے نصف سے بہتر ہونے کا امکان ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کا تجارتی خسارہ نسبتاً کم سطح پر ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی ٹھیک ٹھاک ہیں۔ اس سے ہندوستان کا غیر ملکی اکاؤنٹ مضبوط نظر آتا ہے۔