عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل کے احاطے میں’’سیوا پَرو‘‘ پروگرام اور ’’سوستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘‘ کے تحت ایک میگا ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا۔ابھیان کے تحت عوام کے لئے وسیع پیمانے پر صحت سہولیات فراہم کی گئیں۔ زائد اَز70 برس عمر کے بزرگ شہریوں کو’’ آیوشمان بھارت‘‘سکیم کے تحت گولڈن ہیلتھ کارڈ جاری کئے گئے تاکہ وہ مفت اور معیاری صحت سہولیات حاصل کر سکیں۔کیمپ میں غیر متعدی امراض کی سکریننگ، عمومی طبی معائینے، تپ دق (ٹی بی )کی سکریننگ اور ذہنی صحت کے سٹالز بھی شامل تھے جن سے بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے فائدہ اُٹھایا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے ضلع میں جاری مختلف صحت کے بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں کا جائزہ لیا جن میں 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر بلاک اور’ڈِسٹرکٹ اِنٹگریٹیڈ پبلک ہیلتھ کیئر لیبارٹری ‘شامل ہیںجو ایک جدید سہولیت ہے اور ضلعی سطح کی لیبارٹریوں کے ساتھ ہب اینڈ سپوک ماڈل پر کام کرے گی۔بعد ازاں، چیف سیکرٹری نے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا اور وہاں یاتری نواس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم جموںوکشمیر ڈاکٹر سیّدعابد رشید شاہ،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ اورضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور بھی موجود تھے۔