چیف سیکریٹری کی ہدایت،زورزبردستی کی عکاس:تاریگامی

جموں//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) رہنمایوسف تاریگامی نے زوردے کرکہا ہے کہ جاری نام نہاداراضی تجاوزات بے دخلی مہم نے عام لوگوں میں خوف پیداکیاہے۔ ایک بیان میں، تاریگامی نے کہاموجودہ مہم سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انتظامیہ نے عوام کے خلاف ’جنگ‘ چھیڑ دی ہے۔ بلڈوزنگ کے لیے علاقوں اور افراد کا انتخاب انتظامیہ کے حقیقی ارادوں کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ بے دخلی مہم امتیازی معلوم ہوتی ہے۔تاریگامی نے بے دخلی کی مہم پر تنقید کرنے والوںکے خلاف کارروائی کے متعلق چیف سکریٹری کی تازہ ترین ہدایات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ زور زبردستی طرز عمل کی عکا سی کرتا ہے۔ ان لوگوں کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ انہیں آئین کے تحت کام کرنا ہے اور اسے یہ تاثر نہیں دینا چاہئے کہ جموں و کشمیر میں ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے۔ یہ کسی بھی طرح امن و امان اور ملک کے وسیع تر مفادات کے لیے کام نہیں کرے گا۔