سرینگر//چیف سیکریٹری بی بی وِیاس کی سربراہی میں بوڈر ائیریا ڈیولپمنٹ پروگرام سٹیٹ لیول سکریننگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں ریاست میں جاری پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، کمشنر /سیکرٹری پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) ، ڈویژنل کمشنر جموں، ڈویژنل کمشنر کشمیر، کمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، سیکرٹری تعلیم و دیگر آرمی ، پیرا ملی ٹری، جی آر او کے سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ 11سرحدی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے بی اے ڈی پی کے تحت سکیموں کے فہرست کی آخری شکل دی اور سال 2017-18 کے لئے 162 کروڑ روپے کا کلہم سالانہ ایکشن پلان کو منظوری دی۔کمیٹی نے سال 2016-17 کے دوران بی اے ڈی پی کالوں کے تحت حصولیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔ بی اے ڈی پی سو فیصد مرکزی معاونت والا پروگرام ہے اور سرحد کے ساتھ لگنے والے گائوں کو اپنے دائرے میںلاتا ہے ۔ اس پروگرام کا خاص مقصد سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرتا ہے ۔ اس وقت اس پروگرام پر جموں، سانبہ ، کٹھوعہ ، راجوری ، پونچھ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، شوپیاں ، لیہہ اور کرگل اضلاع میں عمل درآمد جاری ہے۔چیف سیکرٹری اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنروں سے بی اے ڈی پی کے تحت جاری تفصیلات سے روشناس ہوئے۔چیف سیکرٹری نے تمام سرحدی سکولوں کو بی اے ڈی پی کے تحت خصوصی توجہ دینے پر زور دیا اور انہیں پینے کے صاف پانی ، بیت الخلاء اور کھیل کود کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سکولوں کی دیوار بندی اور نوجوانوں کو سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے دائرے میں لانے پر زور دیا۔