رمیش کیسر
راجوری//چیف سیکریٹری اٹل ڈولو نے نوشہرہ تحصیل کے کلسیاں پنچایت کا دورہ کیا، جو لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے اور حالیہ سرحد پار شیلنگ میں یہاں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔دورے کے دوران، چیف سیکریٹری نے متاثرہ لوگوںسے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور یقین دلایا کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے پْرعزم ہے۔بعد ازاں، چیف سیکریٹری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمیوں سمیت تمام مریضوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جی ایم سی پرنسپل کو ہدایت دی کہ تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں بنکروں کی دستیابی اور حالت کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو، وہاں فوری طور پر نئے بنکروں کی تعمیر کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔چیف سیکریٹری نے ضلع انتظامیہ کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے حالیہ شیلنگ کے دوران انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے حالات کو عمدگی سے سنبھالا۔اس سے قبل، ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے چیف سیکرٹری کو ضلع کی سول ڈیفنس تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بارہ اہم خدمات ،وارڈن سروس، ریسکیو، حادثہ، فائر فائٹنگ، ٹرانسپورٹ، سروے کمیٹی، سپلائی سروسز، ویلفیئر، ہیڈکوارٹر، کمیونی کیشن، ڈسپوزل اور ٹریننگ سروسز کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔اس اجلاس میں ڈی آئی جی راجوری-پونچھ رینج تیجندر سنگھ، ایس ایس پی راجوری، گوروو سکاروار، اے ڈی سی کوٹرنکہ دل میر، اے ڈی سی راجوری چندر پرکاش، اے سی آر محمد جہانگیر، اے سی پی شیراز چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ محمد نواز، اے سی ڈی عقیل نوید اور دیگر اعلیٰ ضلعی و سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔