بارہمولہ//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے بارہمولہ اور کپواڑہ ضلع ہیڈ کوارٹروں کا دورہ کرکے ان دو اضلا ع کے افسروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چیف سیکرٹری نے ان اضلاع میں مختلف سیکٹروں کے تحت عملائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹوں اوربہبودی سکیموں کی موثر عمل آوری کے ساتھ ساتھ غذائی اجناس کی دستیابی کا بھی جائزہ لیاجن دیگر معاملات کا چیف سیکرٹری نے جائزہ لیا ان میں سڑکوں پر تارکول بچھانا، سالانہ منصوبہ کی عمل آوری ،ضلع کریڈٹ پلان ،پی ایچ سکیمیں ،ہسپتالوں کی تعمیر،پلوں ، ڈبل کراپنگ ، سولر لائیٹس کی دستیابی ،سکولوں کو بڑھاوا دینے اور کئی اور معاملات شامل ہے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تکمیل کے حوالے سے رپورٹ 31جولائی تک ان کے دفترمیں پیش کریں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ الگ الگ علاقوں کیلئے وسائل کے اعتبار سے سیکٹروں کی نشاندہی کر کے ایک منصوبہ مرتب دیں تاکہ مقامی آبادی مستفید ہوسکے۔انہوں نے خاص طور سے کئی علاقوں میں زراعت اور ان سے منسلک وسائل کا ذکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ اعلیٰ پیداوار دینے میوہ بوٹے ، بیک یارڈ پولٹری ،بھیڑ پالن ،ماہی پروری اور دیگر زرعی سرگرمیاں لوگوں کے لئے کافی فائدہ بخش ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ ایک مناسب سکل ڈیولپمنٹ پلان مرتب کریں جس میں باڈرائیریا ڈیوپمنٹ پروگرام بھی شامل ہونا چاہئے ۔انہوں نے دفاتر میں ملازمین کی باقاعدگی سے حاضری کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ ایک شفاف اور عوام دوست انتظامیہ کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔