عظمیٰ نیوز سروس
جموں //چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر کے مختلف محکموں اور ڈِپٹی کمشنر دفاتر کے ذریعے شکایات کو نمٹانے کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے تمام اِنتظامی سیکرٹریوں اورضلع ترقیاتی کمشنروں کی ایک میٹنگ طلب کی۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ’’ جے کے سمادھان ‘‘ شکایت پورٹل کا لائیو مظاہرہ کیا تاکہ یہاں کے شہریوں کی طرف سے درج کی گئی کچھ شکایات کو دیکھا جاسکے۔ اُنہوں نے اِس موقعے پر متعلقہ محکموں کی جانب سے دیئے گئے جوابات کے معیار کے علاوہ شکایات کودُور کرنے کی ٹائم لائن کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِنتظامی سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے محکموں کے خلاف شکایات کو دُور کرنے کے معیار کی نگرانی کے لئے ایسے نوڈل افسروں کو تعینات کریں جو ڈپٹی سیکرٹریوں کے رینک سے کم نہ ہوں۔ اُنہوں نے مزید کاررِوائی کے لئے شکایات کا مواد تسلی بخش نہ ہونے کی صورت میں شکایات کو قبل از وقت بند کرنے کے بجائے شہریوں سے وضاحت طلب کرنے پر زور دیا۔اَتل ڈولونے ضلع اِنتظامیہ پر بھی زور دیا کہ وہ مکینوں میں ’’جے کے سمادھان‘‘ پورٹل کی مقبولیت میں اِضافہ کرے تاکہ اُن کے لئے شکایت کے اِندراج میں آسانی ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی رجسٹریشن میں اِضافہ کرنے کے علاوہ پورٹل پر تمام شکایات کو اَپ لوڈ کی جائیں چاہے اُنہیں اُن کے دفاتر میںفزیکلی موصول ہی کیوں نہ ہوں۔چیف سیکرٹری نے محکمہ عوامی شکایات پر بھی زور دیا کہ وہ اِنتظامی سربراہان اورضلع ترقیاتی کمشنروںکو ان کے متعلقہ محکموں اور اَضلاع سے متعلق تجزیاتی ڈیش بورڈ تک رَسائی فراہم کریں۔ اُنہوں نے اُنہیں اِس برس فروری تک پورٹل کے اے آئی پر مبنی اَپ ڈیٹ شدہ ورژن کے ساتھ تیار ہونے کا حکم دیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری عوامی شکایات اعجاز اسد نے چیف سیکرٹری کو عوامی شکایات پورٹل کا مظاہرہ پیش کیا۔ اُنہوں نے اِنکشاف کیا کہ اِس وقت بی آئی ایس اے جی۔ این کے ذریعے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس پر مبنی ایک زیادہ جامع ورژن ’’جے کے سمادھان 2.0‘ تیار کیا جا رہا ہے جو اِس سال فروری تک تیار ہو جائے گا۔اُنہوں نے چیف سیکرٹری کی طرف سے پہلے دی گئی مختلف ہدایات پر کی گئی ایکشن ٹیکن رِپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ایک تجزیاتی ڈیش بورڈ بنایا گیا جس کا مظاہرہ بھی میٹنگ میں کیا گیا۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اُن کے اَضلاع میں درج تمام شکایات کو دیکھنے تک رسائی دی گئی ہے تاکہ ان کی نگرانی اور فوری نمٹا جا سکے۔اِس میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ہدایات کے مطابق ماسٹر ٹرینروںاور نوڈل اَفسران کے لئے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کئے گئے تھے۔ مزید برآں، اِس محکمے کے ریسورس پرسنوں کے ذریعے افسران اور ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اَضلاع میں آف لائن ٹریننگ سیشنوں کا سلسلہ جاری ہیں۔