عظمیٰ نیوز سروس
جموں// چیف سکریٹری اتل ڈلو نے منگل کو ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کے سلسلے میں تمام 29 پروجیکٹوں اور ذیلی پروجیکٹوں پر عمل آوری کی کامیابیوں اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میٹنگ میں پرنسپل سکریٹری محکمہ زراعت کے علاوہ وائس چانسلرسکاسٹ کشمیر اور جموں،منیجنگ ڈائریکٹرایچ اے ڈی پی، ڈپٹی کمشنروں، چیئرمین PGMCsاور متعلقہ افسروں، بینک کے نمائندے اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میںکچھ افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔ چیف سکریٹری نے پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوںپر فوری فیصلہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹینڈرنگ اور دیگر طریقوں سے آگے بڑھنے اور اہل اافراد کے ذریعہ مختلف پیداواری یونٹس کے قیام پر توجہ دینے کو کہا۔اتل ڈلو نے دونوں زرعی یونیورسٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کی آگاہی کیلئے ہر زرعی سرگرمی کے ضروری اجزاء اور عمل کو ظاہر کرتے ہوئے مختصر معلوماتی ویڈیوز بنائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں اس پروگرام کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کریں خاص طور پر پنچایتوں میں بلاک دیوس کے مواقع پرجن کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس بڑے پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈلونے کہا کہ تمام پروجیکٹ یہاں کے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف اجزاء پر مشتمل ہیں اور ہمارے کسانوں کی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کرتے ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ درخواستیں جمع کرانے کے طریقہ کار کو سادہ بنایا جائے، پروگرام کے تحت بیان کردہ رہنما خطوط پر خالصتاً قائم رہیں۔ انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر وںکے ساتھ مل کر ہر پی جی ایم سی چیئرپرسن کی طرف سے پیش رفت کی قریبی نگرانی کرنے کو کہا۔ انہوں نے اس پروگرام کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق اہداف کو ناکامی کے بغیر پورا کرنے کو کہا۔پرنسپل سکریٹری شیلندر کمار نے ذیلی پروجیکٹوں کے نفاذ میں محکمہ کی طرف سے مختلف پیرامیٹروں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال 24 اپریل سے 31 اگست کے درمیان کئے گئے کسان سمپرک ابھیان کے پہلے مرحلے کے تحت 3697 پنچایتوں میں تقریباً 510000 کسانوں کا احاطہ کیا گیا تھا۔ مزید برآں بلاک سطح کے یوتھ اورینٹیشن پروگرام کے تحت 19000 سے زیادہ نوجوانوں سے رابطہ کیا گیا تاکہ وہ کاشتکاری میں اپنی مہارتوں اور دلچسپیوں کو نقش کرسکیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کسان ساتھی پورٹل پر اب تک 50662 کسانوں کی رجسٹریشن کے ساتھ 52693 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ زراعت کے شعبے میں 43831، باغبانی میں 1214 اور لائیو سٹاک کی پیداوار میں 14472 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔