عظمیٰ نیوز سروس
پلوامہ//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کل پلوامہ ضلع میں مختلف سیکٹروں میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور فلیگ شپ اَقدامات کاایک میٹنگ میںتفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ کا بنیادی مقصد ضلع میں مختلف سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔چیف سیکرٹری نے جائزہ میٹنگ سے قبل اہم پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا اور کل 3028 کروڑ روپے کے مستقبل کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ترقیاتی منصوبے ضلع پلوامہ کی ایک وسیع آبادی کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ضلع کے اندر ترقی کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کو اُجاگر کرتا ہے ۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے والی گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جہاں انہوں نے او ڈی ایف پلس ماڈل کی سراہنا کی جو پلوامہ نے حاصل کیا ہے۔انہوں نے پلوامہ کی خوبصورتی اور ضلع ثقافتی منصوبہ اور ڈسٹرکٹ ہیرٹیج پلان کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا جس میں پلوامہ کی شاندار تاریخ اور ثقافت کو محفوظ اور دکھایا گیا ہے۔