رام بن //چیف سیکرٹری بی آر شرما نے جمعہ کے روز ضلع رام بن کا دورہ کیا اور یہاں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا۔ کمشنر سیکرٹری تعمیرات روہت کنسل،ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن محمد اعجاز ، ایس ایس پی رندیپ کمار اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی ڈی سی نے چیف سیکرٹری کو ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں مفصل رپورٹ پیش کی جس میں کٹرہ بانہال ریل لنک، جموں سرینگر شاہراہ کی کشادگی اور چنہنی ناشری ٹنل کی تعمیر سر فہرست تھی۔ بانہال میں بھی چیف سیکرٹری نے 8.5کلو میٹر طویل نوگام قاضی گنڈ ٹنل کی تعمیر کا جائزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ ٹنل کا کام زور و شو ر سے چل رہا ہے اور اس کے مقررہ معیاد کے اندر پورا ہونے کی توقع ہے ۔ چندر کوٹ میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فور لیننگ کے کام میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی گئی تا کہ کام میں سرعت لائی جا سکے ۔ چیف سیکرٹری نے تعمیری کمپنیوں کو موجود ہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے کہا۔ چیف سیکرٹری نے 9.2کلو میٹر طویل چنہنی ناشری ٹنل کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ ستمبر میں مکمل ہونا قرار پایا تھا لیکن بعض وجوہات سے اس میں تاخیر ہو گئی ہے اور اب جلد ہی اسے گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اپروچ روڈز کا کام بھی آخری مرحلہ میں ہے ۔چیف سیکریٹری نے قومی شاہراہ پر سرینگر بانہال کی چار گلیاروں والی سڑک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔قومی شاہراہ کے دشوار گذار حصوں کا دورہ کرنے کے دوران چیف سیکریٹری نے متعلقہ ایجنسی کو چار گلیاروں کا کام پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زوردیا تاکہ محدود ورکنگ سیزن کے دوران کام کے اہداف مکمل کئے جاسکیں۔انہوںنے رمکے کے آفیسران پر دستیاب تمام افرادی قوت کو بروئے کار لانے کی تلقین کی تاکہ مقررہ وقت میں کام کی تکمیل یقینی بن سکے۔چیف سیکریٹری نے موسم سرما کی شروعات سے قبل ہی شاہراہ کے مصروف حصوں پر بلیک ٹاپنگ کا کام مکمل کرنے پر زوردیا۔بعد میں چیف سیکریٹری نے قاضی گنڈ میں نئی ٹنل کی تعمیر کے لئے شمالی پورٹل کا دورہ کیا ۔ٹنل کی تعمیر کا کام نویُگ کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے وزیر موصوف نے رمکے کے آفیسران پر باقی ماندہ تعمیری کام فوری طور مکمل کرنے کے لئے ہنر مند اورغیر ہنرمند مزدوروں کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔انہیں بتایا گیا کہ طے شدہ پلان کے مطابق 43کلو میٹر ادہم پور رام بن روڈ کو 2018تک مکمل کئے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جب کہ رام بن بانہال سیکشن کو 2019تک مکمل کیا جائے گا۔ چنہنی ناشری کے علاوہ پیڑا اور بانہال میں سرنگیں تعمیر کی جائیں گی جب کہ رام بن میں ایک بڑا پل تعمیر کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔