عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے ادھم پور ضلع کا وسیع دورہ کیا تا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں حکومتی فلیگ شپ اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے ۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور ، ایس ایس پی کے علاوہ مختلف محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ڈوڈو بسنت گڑھ علاقے میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے اور موبائل ٹاورز نصب کرنے پر توجہ دی جائے تا کہ رسائی اور مواصلاتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے ۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں پر زور دیا کہ حکومتی سکیموں کے تحت تمام اہل مستفدین کو ضرور شامل کیا جائے ۔ انہوں نے محکموں کے درمیان موثر باہمی رابطہ کاری ، شفافیت اور عمل درآمد میں لگن کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ ایس ای پی ڈبلیو ڈی نے انہیں پروجیکٹ کی پیش رفت اور موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ۔ شروع میں ڈی سی ادھمپور نے ایک تفصیلی سیکٹر وائز پریذنٹیشن پیش کی جس میں مختلف محکموں کی طرف سے عمل میں لائے جا رہے بڑے جاری پروجیکٹس اور فلیگ شپ سکیموں کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ۔