عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے زمینی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرہ عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے مقصد سے سرحدی سب ڈویژن اَکھنور اور کھور کا دورہ کیاجہاں گزشتہ کچھ دِنوں سے سرحد پار سے مسلسل گولہ باری ہوئی تھی۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار و یشی اور مقامی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔چیف سیکرٹری نے سب ڈویژن اَکھنور کے علاقے سوہل اور بھلوال برہمنہ کے ہائر سیکنڈری سکولوں کا معائینہ کیاجنہیں جاری شیلنگ کے باعث بے گھر ہو ئے اَفراد کے لئے عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوںکے اَفراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کی رہائش، خوراک، پانی اور بجلی کی فراہمی کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے پناہ گزین اَفراد کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا بھی معائینہ کیا اور صحت حکام کو ہدایت دی کہ وہ طبی خدمات کو مزید بہتر بنائیں تاکہ متاثرہ اَفراد کو علاج و معالجہ کے لئے کہیں اور جانے کی ضرورت نہ پڑے۔چیف سیکرٹری نے متاثرین سے گفتگو کے دوران پناہ گاہوں میں دستیاب سہولیات کے بارے میں رائے حاصل کی اور مقامی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور اُن کی ضروریات بغیر کسی رُکاوٹ کے پوری کی جائیں۔ بعد میں اُنہوں نے شیلنگ سے متاثرہ دیہات کا دورہ کیا اور رہائشی مکانات و عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا بذاتِ خود جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری اَتل ڈلونے اِنتظامیہ پر زور دیا کہ نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ آبادی کے لئے ریلیف اَقدامات شروع کئے جائیں۔ اُنہوں نے مستقبل کے لئے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر کمیونٹی بنکروں کی تعمیر جیسے طویل المدتی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے مشکل حالات میں سرحدی رہائشیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔