عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو کو نیوز 18اِنڈیا کے زیر اہتمام’ ڈائمنڈ سٹیٹس سمٹ 2025‘کے گرینڈفائنل میں باوقار ’ڈائمنڈ سٹیٹس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ منیجنگ ایڈیٹر نیوز 18اِنڈیا جیوتی کمل نے گزشتہ چند برسوں میں جموں و کشمیر کی مثالی کارکردگی، حکمرانی، ترقی اور ترقی پسند اَقدامات کے اعتراف میں پیش کیا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے اس اعزاز پر شکریہ اَدا کرتے ہوئے اسے جموں و کشمیر کے عوام اور اِنتظامیہ کی اِجتماعی کاوشوں کے نام کیا۔اُنہوں نے امن، خوشحالی اور ترقی کے دور کے آغاز میں مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر کی حکومت کی کوششوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو ان کی دہلیز پر حکمرانی فراہم کرنے اور فلاحی اقدامات پہنچانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے بتایا کہ حکومت کے اقدامات نے عوام میں اعتماد کو بحال کیا جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں سیاحوں کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ اُنہوں نے اِس کامیابی کا سہرا نئی رابطہ کاری سکیموں جیسے ٹنلوں، شاہراہوں، ریلوے اور فضائی رابطے میں اضافے کو دیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے شہریوں کے روشن مستقبل کو یقینی بناتے ہوئے ترقی، امن اور خوشحالی کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی۔ڈائمنڈ سٹیٹس سمٹ 2025میں ملک کے ممتاز پالیسی سازوں، صنعتی رہنماؤں اور ماہرین نے شرکت کی جس میںحکمرانی، سماجی بہبود اور معاشی ترقی میں ریاستوں اوریوٹیز کی کامیابیوں کو اُجاگر کیا گیا۔ اِس باوقار پلیٹ فارم پر جموں و کشمیر کا اعتراف تبدیلی لانے والی حکمرانی اور ترقی کے لئے اس کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔