عوامی رسائی میں سرعت لانے اور بروقت روف ٹاپ سولر تنصیبات کی ہدایات جاری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے جموں و کشمیر بھر میں پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک جامع جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ضلع وار کارکردگی ، چیلنجزاور اس فلیگ شپ روف ٹاپ سولر اقدام کے نفاذ کو تیز کرنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا جو پائیدار اور سستی گھریلو توانائی کے حل کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے ۔ اجلاس کے آغاز پر بتایا گیا کہ سکیم کے تحت کُل 13579روف ٹاپ سولر تنصیبات میں سے 5413صارفین کو پہلے ہی زیرو بجلی بل موصول ہو چکے ہیں ، جو زمینی حقیقت میں ٹھوس پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے جے اینڈ کے کی توانائی کے منظر نامے کو تبدیل کرنے میں سکیم کی اہمیت پر زور دیا کہ توانائی کی کمی والے علاقے کے طرز پر یو ٹی کو قابل اعتماد سولر پاور کو اپنانے سے بے پناہ فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ سے ہر ضلع میں سکیم کے ہموار اور وقت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔عوامی رسائی پر زور دیتے ہوئے ڈلو نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں ( ڈسکامز ) کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم کے متعدد فوائد کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کیلئے بیداری مہمات کو تیز کریں ، صارفین کو وینڈر کے انتخاب میں مدد فراہم کریں اور تیز تنصیبات کو آسان بنائیں ۔ انہوں نے ضلعی سطح پر پیش رفت کی مضبوط نگرانی اور باقاعدہ جائیزہ لینے پر بھی زور دیا تا کہ مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں سے ضلع وار تفصیلی جائزہ لیا ، نفاذ کے چیلنجز اور مقامی اختراعات پر بصیرت حاصل کی ۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ سکیم کے تحت قرض کی تقسیم کی شرح کو بڑھائیں ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے اے سی ایس پی ڈی ڈی نے بینکوں ، وینڈرز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر روشنی ڈالی ، مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ سکیم کے تحت دستیاب کم ترین شرح سود اور سبسڈیز کو فعال طور پر تشہیر کریں ۔ انہوں نے وینڈر کے انتخاب میں شفافیت برقرار رکھنے اور صارفین کے معاہدوں کی فوری دستخط پر زور دیا ۔ بعد میںچیف سیکرٹری نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کی جانب سے سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اور ماڈل سولر ولیج انیشیٹیٹو کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام 20اضلاع میں بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے عملدرآمد کو تیز کیا جائے ۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے موثر نفاذ کے ذریعے جموں و کشمیر میں توانائی کی منتقلی اور خود انحصار بجلی کی پیداوار کے اہداف کو آگے بڑھایا جائے گا۔