جموں//چیف جسٹس، جسٹس بدر دُریز احمد کو یہاں جموں وکشمیر ہائی کورٹ جموں میںگرمجوشی کے ساتھ الوداعیہ دیا گیا۔اس موقعہ پر ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، چیف سیکرٹری ، ایڈوکیٹ جنرل ، ڈی جی پولیس ، سیکرٹری محکمہ داخلہ ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، لا سیکریٹری ، جموں وکشمیر بار ایسو سی ایشن جموں کے صدر، بار کے ممبران ،ضلع جموں کے جوڈیشل افسران ، رجسٹری افسران و دیگر ہائی کورٹ کا عملہ موجود تھے۔تقریب کی کارروائی رجسٹرار جنرل سنجے دھر نے انجام دی جبکہ ایڈوکیٹ جنرل جہانگیر اقبال گنائی نے چیف جسٹس کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔ایڈ وکیٹ جنرل نے چیف جسٹس کے اس رول کو سراہا جو انہوں نے جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لئے انجام دیا۔ اپنے الوداعیہ خطاب میں چیف جسٹس نے پورے جوڈیشل نظام کی طرف سے ان کی شفقت اور تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، ریاست کے جوڈیشل افسران اور ہائی کے ذاتی عملے کی اپنے ذمہ داریوں کے تئیں لگن اور عزم کی تعریف کی۔