اننت ناگ//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس بدردریز احمد نے پرنسپل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج اننت ناگ اور سب جج بجبہارہ اور پہلگام کے کورٹ کمپلیکسوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اُن کے ہمراہ جسٹس علی محمد ماگرے، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک اور ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان بھی تھے۔چیف جسٹس نے ضلع کورٹ کمپلیکس اننت ناگ اور بجبہاڑہ و پہلگام کے کورٹ کمپلیکسوں کا دورہ کر کے وہاں عدالتوں کے ریکارڈ کا معائنہ کیا۔بعد میں انہوں نے وہاں موجود وکلاءکے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے کئی مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے جن میں سائلین کے لئے سہولیات کو بڑھاوا دینا، منصفوں کی اسامیاں پُر کرنا اور وکلاءاور دیگر لوگوں کے لئے چیمبر تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔چیف جسٹس نے وکلاءکے ساتھ بات کرتے ہوئے عدالتوں کے معاملات کو تیز تر بنیادوں پر نمٹانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس حوالے سے اپنا اپنا کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام عدالتوں میں ٹیکنالوجیکل اقدامات کو بروئے کار لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کیسوں کو تیزی سے نپٹانے کے لئے ای کورٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اننت ناگ ایسا پہلا ضلع ہوگا جہاں ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن متعارف کی جائے گی اور یہ بغیر پیپر کے کام کے سلسلے میں پہلی کڑی ہوگی۔چیف جسٹس نے اُمید ظاہر کی کہ کیسوں کے تیز تر نمٹارے کے لئے وکلاءاور جج صاحبان ایک دوسرے کے ساتھ تال میل کے ساتھ کام کریں گے۔