عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس ارون پلی نے جسٹس سنجے پریہار اور جسٹس شہزاد عظیم کوجموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف دِلایا ۔ یہ تقریب چیف جسٹس کے کورٹ روم میں منعقد ہوئی۔حلف برداری کی تقریب میں جموں میں جسٹس سندھوشرما، جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس جاوید اِقبال وانی، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس محمد یوسف وانی نے ذاتی طور پر شرکت کی جبکہ سری نگر وِنگ سے جسٹس سنجیو کمار، جسٹس وِنود چٹرجی کول، جسٹس سنجے دَھر اور جسٹس وسیم صادق نرگل نے بذریعہ ورچیول موڈتقریب حلف برداری میں شرکت کی۔تقریب کی کارروائی رجسٹرار جنرل (آفیشیٹنگ) ایم کے شرما نے انجام دی جنہوں نے مرکزی وزارتِ قانون و اِنصاف کی جانب سے موصولہ نوٹیفکیشن، صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے جاری کردہ تقرری کے وارنٹ اور لیفٹیننٹ گورنر یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کی طرف سے چیف جسٹس کو دو نئے تعینات ججوں کے عہدے کا حلف دِلانے کا اِختیار دینے والا خط پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں سابق چیف جسٹس اورسابق جج صاحبان، سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور، ڈپٹی سالیسٹر جنرل آف اِنڈیا (جموں و سری نگر)، پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جموں، سینئر وکلأ ، صدر بار ایسوسی ایشن جموں و دیگر ممبران بار، سول و پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران اور ہائی کورٹ رجسٹری کے افسران و عملے نے بھی شرکت کی۔جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کے طور پر اعلیٰ عدالتی خدمات کے دوججوں کی ترقی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھ کر چیف جسٹس سمیت 15 ججوں تک پہنچ گئی ہے۔