جموں//چیف ایجوکیشن آفیسر جموں کے دفترمیں بے قاعدگیوں کے خلاف جنرل لائن ٹیچرز فورم نے تنظیم کے صدر نیرج شرما کی قیادت میں چیف ایجوکیشن جموں کے دفترکے سامنے مظاہرہ کیااور سی ای او جموں جے کے سودن کی مطلق العنانی کی مذمت کی۔ سودن جنہیں ضلع سانبہ میں تبدیل کیاگیاتھا نے اپنے آرڈر میں ترامیم کرکے پھرسے جموں آگئے کیونکہ پہلے بھی وہ جموں میں بطور سی ای او کام کرچکے ہیں تاکہ وہ اپنی ٹرانسفرانڈسٹری کوپھرسے جاری رکھ سکیں۔ نیرج شرما نے کہاکہ سی او جموں نے حال ہی میں ٹیچروں کی سینکڑوں تبدیلیاں کی ہیں جن میں قواعدوضوابط کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بہت سارے چہیتے ٹیچروں کومقررشدہ وقت سے پہلے ہی تبدیل کیاگیا ۔ مقررین نے کہاکہ سی ای او ٹیچروں کی تبدیلی میں اپنے اختیارات کاغلط استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہت سارے سکولوں میں عملے کی کمی ہے جس سے بچوں کی پڑھائی متاثرہورہی ہے اوریہ سب بدانتظامیہ کانتیجہ ہے۔