لاہور/ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن بورڈ کے حکام نے پریس کانفرنس کی اس دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔انہوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کے کپتان تشارا پریرا دوسری بار پاکستان آئے ہیں۔اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس سی بی) کے صدر تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ ہم پاکستان میں آکر کھیلنے پرخوش ہیں، اس سے قبل پاکستان نے بھی بہت مشکل حالات میں سری لنکا کے دورے کیے۔ان کا کہنا تھا کہ حالات خراب ہونے کے باوجود پاکستان نے کبھی سری لنکا کا دورہ منسوخ نہیں کیا تھا۔صدر ایس سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا برادرملک ہے، اسے تنہا نہیں چھوڑ سکتے جبکہ حالیہ ایونٹ کے لیے پاکستان نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ ’ہم مستقبل میں بھی پاکستان کا دورہ کرتے رہیں گے، دنیا کو دعوت دیتے ہیں وہ بھی پاکستان آکرکھیلیں‘۔صدر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم مضبوط ہے اور تشارا پریرا اچھے کپتان ہیں جبکہ ہماری ٹیم اس وقت تیاری کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔سری لنکن اور پاکستانی کرکٹ ٹیمیں متحدہ عرب امارات سے رات گئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں پر پنجاب حکومت کے اعلیٰ سرکاری حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے سری لنکن ٹیم کا پر تپاک استقبال کیا۔دونوں ٹیموں کو بلٹ پروف گاڑیوں میں بٹھا کر سخت سیکیورٹی کے حصار میں ایک مقامی ہوٹل پہنچایا گیا جہاں پہنچنے پر شائقینِ کرکٹ نے تالیاں بجا کر مہمان ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔