عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک اہم پیش رفت میں، محکمہ سکول ایجوکیشن نے پیر کو بورڈ آف سکول ایجوکیشن (JKBOSE) اور ڈائریکٹرسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ( JKSCERT) کی تقرری کے لیے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کیں ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، چیئرمین BOSEاور ڈائریکٹر SCERTکے عہدوں پر تقرری کے لیے ملک کے اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔نو ٹیفکیشن کے مطابق”درخواستیں اشتہاری نوٹس میں دی گئی اہلیت کے معیار کے مطابق مدعو کی جاتی ہیں جو محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ jkeducation.gov.inپر دستیاب ہے” ۔نوٹس کے مطابق، اہل امیدواروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ 20جنوری 2025تک یا اس سے پہلے محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ پر فراہم کردہ درخواست کے لنک کے ذریعے درخواست فارم بھریں۔امیدواروں کے لیے اہلیت یہ ہے کہ وہ مرکز، ریاست، یا یونین ٹریٹری حکومتوں، نیم سرکاری، یا خود مختار اداروں کے اہل افسران ہوں اور انہیں کم از کم تین سال کا تجربہ حاصل ہو۔ ان امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جن کے پاس انتظامیہ میں تین سال یا اس سے زیادہ کا تجربہ ہو، خاص طور پر اگر وہ سپیشل سیکریٹری کے مساوی عہدے پر کام کر چکے ہوں۔ پانچ سال تک کا تجربہ تعلیمی انتظامیہ یا تعلیم کے شعبے میں ترجیحی ہوگا۔یاد رہے کہ حکومت نے چیئرمین اور ڈائریکٹرکی تقرری کے لیے امیدواروں کے پینل کی سفارش کرنے کے لیے ایک سرچ کمیٹی کی تشکیل نو کی ہے۔