مینڈھر// مینڈھر زون کے گو رنمنٹ مڈل سکول نیماں ہنڈیا ں چھونگا ں کا یہ حشر ہے کہ ادارے میںزیر تعلیم 60سے 70بچوں کیلئے محکمہ نے صرف ایک ٹیچر تعینات رکھاہواہے ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ اس سے قبل تین اساتذہ تھے لیکن ہیڈما سٹر کے سبکدوش ہونے کے بعد دوسرے ٹیچر کو کسی دوسرے سکول میں اٹیچ کر دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اسا تذہ نہ ہونے کی وجہ کئی لو گو ں نے اپنے بچو ں کو دوسرے سکولوں میں داخل کرادیاہے اورلیکن ابھی بھی اس مڈل سکول میں50بچے زیر تعلیم ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ایک مڈل سکول میں 7سے 8ٹیچر تعینات ہوتے ہیں لیکن وہ پہلی بار یہ دیکھ رہے ہیں کہ صرف ایک ٹیچر کو رکھاگیاہے ۔ منور حسین نامی شخص نے بتایاکہ اس سلسلے میں انہوںنے کئی مر تبہ چیف ایجوکیشن افسر پونچھ اور ڈپٹی سی ای او مینڈھر سے بھی با ت کی لیکن ان کی سنوائی کہیں نہ ہوئی ۔ انہو ں نے کہا کہ سکول میں فوری طور پر اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچ سکے ۔ اس ضمن میں جب چیف ایجوکیشن افسر پونچھ سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے کہا کہ انہوںنے ایک ٹیم روانہ کی ہے جو سکول کا جائزہ لیکر رپورٹ انہیں پیش کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی ٹیچر اٹیچ ہواتواس پر کارروائی کی جائے گی ۔تاہم مقامی لوگوںنے چیف ایجوکیشن کے ٹیم بھیجنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ایسی کوئی ٹیم نہیں آئی اور نہ ہی محکمہ ضروری اقدامات کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔