حیدرآباد// تلنگانہ پولیس کی گرے ہاونڈس فورس کے ساتھ پیش آئے انکاونٹر میں 12ماؤنواز ہلاک ہوگئے ۔چھتیس گڑھ پولیس کے ساتھ یہ مشترکہ کارروائی انجام دی گئی۔ اس انکاونٹر میں مخالف نکسل پولیس فورس گرے ہاونڈس سے تعلق رکھنے والا ایک کانسٹبل بھی زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لئے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔یہ انکاونٹر اس وقت پیش آیا جب پولیس بشمول گرے ہاونڈس نے ایک اطلاع پر جنگل میں تلاشی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے ماؤنوازوں کو گھیرتے ہوئے خودسپرد ہونے کی اپیل کی تاہم ماوؤنوازوں نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔پولیس کو جوابی فائرنگ کرنی پڑی ۔انکاونٹر کے مقام سے بڑے پیمانہ پر اسلحہ بشمول اے کے 47رائفل برآمد کی گئی۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر امور کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تلنگانہ کے قدیم اضلاع ورنگل اور کھمم میں ماؤنوازوں کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔ پولیس نے کہا کہ کئی ماونوازوں نے چھتیس گڑھ کی سرحد پار کرتے ہوئے جبری وصولی اور دیگر غیرقانونی سرگرمیاں انجام دی تھیں۔یواین آئی۔