یو این آئی
رائے پور//چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں جمعہ کے روز 87.50لاکھ روپے کا انعامی ملزمان سمیت 24سخت گیر نکسلیوں نے سکیورٹی فورسز کے سامنے خودسپردگی کی اور سماج کے عام دھارے میں واپس آنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ ان میں سے 20 نکسلیوں پر 50,000 روپے سے لے کر 10 لاکھ روپے تک کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے سوشل میڈیا ‘ایکس’ پر ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں مارچ 2026 تک ملک اور ریاست سے سرخ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی ہے۔ نکسلیوں کی خودسپردگی اسی فیصلہ کن سفر کا حصہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب نکسلیوں نے بھی سمجھ لیا ہے کہ تشدد کا راستہ نہ ختم ہونے والی تباہی کی طرف جاتا ہے۔ اب نکسلائٹس انتہا پسندی کا راستہ چھوڑ کر سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہم ان خودسپردگی کرنے والے ساتھیوں کی باز آبادکاری اور بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔